سردیوں میں کپڑوں اور سویٹر کی چرچراہٹ دور کرنے کا آسان گھریلو نسخہ
کپڑوں کی چر چراہٹ سے جلد پر خارش اور پھر الرجی ہو نے لگتی ہے تو اس مسئلے کے حل کے لئے آز مائیں یہ آسان ٹوٹکا اور پھر کچھ بھی پہنیں کپڑے نہیں چپکے گے
سردیوں میں بالخصوص ریشمی کپڑے جسم سے چپکتے ہیں، چرچراہٹ پیدا کرتے ہیں اور یوں لباس کی پوری ساخت ہی متاثر ہوتی ہے۔ کچھی یہی حال سویٹر اور مصنوعی ریشوں والے گرم کپڑوں کا بھی ہوتا ہے جو دوسرے لباس سے رگڑ کھا کر چرچراہٹ پیدا کرتے ہیں۔ خواتین کو شادی کے لباس پہننے میں بہت دقت پیش آتی ہے۔ پھر یہ بھی ہوتا ہے کہ اکثر بال سویٹر سے چپک جاتے ہیں اور مزید حلیہ بگاڑ دیتے ہیں۔ اب سرکے اور کنڈیشنر کے جادو سے لباس کی چرچراہٹ کو آسانی سے دور کیا جاسکتا ہے۔
سرکہ اور کنڈیشنر
دھلے ہوئے سویٹریا چپکنے والے لباس کو سردیوں کے لحاظ سے کنڈیشنڈ کرنے کے لیے ایک بڑے برتن میں صاف پانی لیجئے۔ اب اس میں تین بڑے چمچے سفید سرکہ ملادیجئے۔ سرکے اور پانی کے محلول میں سویٹر، شرٹ یا لباس کو اچھی طرح ڈبودیجئے تاکہ سرکہ لباس میں جذب ہوجائے۔ یہ عمل 15 منٹ کے لیے کافی ہے۔
اس کے بعد گیلے سویٹر پرہرجگہ کنڈیشنر لگائیں لیکن سویٹر کو کھیچنے سے گریز کیجئے۔ زیادہ کھیچ تان سے خود سویٹر کی شکل بگڑسکتی ہے۔ نصف گھٹنے تک ہیئر کنڈیشنر کو اس میں جذب ہونے دیجئے اور اس کے بعد لباس یا سویٹرکو اچھی طرح دھولیجئے تاکہ سرکہ اور کنڈیشنر نکل جائے۔
اب اس لباس کو ایک صاف تھیلی میں رکھ کر رات بھر فریج میں رکھ دیں۔ صبح کو سویٹر پہن لیجئے اور یوں اس کے چپکنے کا عمل ختم ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ جس طرح بالوں کا کنڈیشنر ہمارے بالوں کو نرم کرتا ہے عین اسی طرح وہ لباس میں اون یا مصنوعی ریشوں کو ہموار کرتا ہے۔ اس طریقے سے ریشوں میں برقِ سکونی بھی ختم ہوجاتے ہیں جو لباس کے چپکنے کی وجہ بنتی ہے