پھل اور سبزیاں کھانے سے دماغی امراض دور بھگائیں
بڑھاپے کے ساتھ ساتھ دماغ کی اندرونی سوزش میں اضافہ ہوتا ہے جو اعصابی انحطاط کی وجہ بنتا ہے
سبزیوں اور پھلوں کے ان گنت فوائد سامنے آتے رہتے ہیں اور اب یہ ہمارے جسم کے مرکزی اور اہم ترین عضو دماغ کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔اس کی سب سے پہلی وجہ تو یہ ہے کہ پھل اور سبزیوں میں مرغن غذاؤں اور فاسٹ فوڈ کے مقابلے میں فائٹو کیمیکلز، معدنیات اور پولی فینولز کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو خون کی روانی کو برقرار رکھتے ہیں۔ خون کے بہاؤ سے دماغ سمیت تمام اعضا کو خون پہنچتا ہے اور اپنے ساتھ آکسیجن بھی لے جاتا ہے۔ اس سے دماغی افعال بہتر طور پر کام کرتے ہیں۔لیکن یہاں ذکر ہے امریکن اکیڈمی برائے نیورولوجی کا جس کی تحقیق حال میں ہی شائع ہوئی ہے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ پھل اور سبزیوں میں اندرونی سوزش اور جلن یعنی انفلیمیشن کم کرنے والے کئی مرکبات موجود ہوتے ہیں۔ عمررسیدہ افراد میں یہی سوزش ڈیمنشیا اور الزائیمر سمیت دماغی انحطاط کے کئی امراض کو جنم دیتی ہے۔ اسی لیے سبزیوں اور پھلوں کا استعمال ایسے افراد کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔