سردی میں خشک اور پھٹے ہونٹ چہرے کی خوبصورتی خراب کر دیتے ہیں ۔۔ جانیئے ہونٹوں کو نرم و ملائم اور گلابی بنانے کے 4 گھریلو نسخے
سردی کا موسم آتے ہی جہاں خشک جلد، نزلی زکام اور بالوں کے جھڑنے کے مسائل سامنے آتے ہیں وہیں ہونٹوں کا پھٹنا اور خشک ہونا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ہم میں سے کوئی بھی اپنے خشک، کُھردرے اور پھٹے ہونٹوں کےساتھ دن بھر گھومنا پسند نہیں کرے گا، ہمارے ہونٹوں کی جلد ہمارے جسم کے دیگر حصوں کی نسبت بہت پتلی اور نازک ہوتی ہے۔
ہمارے ہونٹ دھوپ، آلودگی، ٹھنڈ اور مرطوب ہوا کی وجہ سے آسانی سے خشک ہونے، پھٹنے، چھیلنے لگتے ہیں، چونکہ ان میں تیل کے غدود کی کمی ہوتی ہے، اس لئے یہ اپنی نمی خود پیدا نہیں کر پاتے، اس لیے ہمیں سرد اور خشک موسم میں اپنے ہونٹوں کا زیادہ خیال رکھنا پڑتا ہے۔ تاہم اس کے لئے آسان اور موثر گھریلو علاج موجود ہیں جو ہونٹوں کی نمی کو برقرار رکھنے میں مدد کر سکتے ہیں، آیئے ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
خشک اور سرد موسم میں ہونٹوں کو نرم و ملائم بنائیں
• کھوپرے کا تیل
کھوپرے کا تیل جلد کے لئے بےشمار فوائد سے بھرپور ہوتا ہے سرد اور خشک موسم میں کھوپرے کا تیل ہونٹوں پر دن میں کم سے کم دو مرتبہ ضرور لگائیں، یہ نہ صرف ہونٹوں کو نرم و ملائم بنائے گا بلکہ ان کی رنگت کو بھی گلابی کر دے گا۔
• ایلوویرا جیل
ایلوویرا جیل منرلز اور وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے یہ چہرے کی جلد کے ساتھ ساتھ ہونٹوں کی جلد کے لئے بھی جادوئی کمال رکھتا ہے، روزانہ رات سونے سے پہلے ایلوویرا کا ایک پتہ کاٹ کر اس کا جیل انگلی کی مدد سے ہونٹوں پر لگائیں اور سوجائیں، ہونٹ نرم و ملائم خوبصورت اور گلابی ہوں گے۔
• شہد
شہد ایک یا دو نہیں بلکہ کئی مسائل کا آسان حل ہے، یہ نہ صرف آپ کو نزلہ زکام اور کھانسی جیسے مسائل سے نجات دلاتا ہے، بلکہ آپ کے ہونٹوں کے لئے بھی بہترین ہے، بازار کی کیمیکل والی کریم لگانے کے بجائے جب بھی ہونٹ خشک ہوں یا پھٹ جائیں تو ان پر شہد لگا لیں، بےحد نرم وملائم اور گلاب کی پتیوں جیسے ہونٹ پائیں گے۔
• چینی
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر چینی ہونٹوں کے لئے کیسے فائدے مند ہو سکتی ہے، اور اسے کیسے استعمال کریں گے، تو جناب یہ بہت آسان ہے، بس آدھا چائے کا چمچ پسی ہوئی چینی لیں اس میں 2 قطرے زیتون کا تیل اور 2 سے 3 قطرے شہد ملائیں، ایک سے 2 قطرے لیموں کا رس ملائیں اور اسکرب تیار کر لیں، اب اس اسکرب سے ہونٹوں کا آہستہ آہستہ مساج کریں، ساری کھردری اور پھٹی ہوئی جلد اُتر جائے گی اور ہونٹ نرم و ملائم اور بےحد خوبصورت ہو جائیں گے